لاہور (شہرنامہ نیوز)جماعت اسلامی نے مہنگائی کے خلاف تحریک چلانے اور 7 اگست کو ملک بھر کی شاہراہیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کا اوگرا سے کیا تعلق ہے؟ طالب علم کی آمدنی پر ٹیکس لاگو نہیں ہوتا، اس سےبھی پٹرولیم لیوی لی جارہی ہے۔ حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت بھتا لیوی لگا رہی ہے، یہ جگا ٹیکس ہے، اسےکسی صورت قبول نہیں کیاجاسکتا، سب کو بتائیں گے کہ حکمران طبقہ کیسے عوام کے پیسوں پر ڈاکا ڈال رہاہے، ہم سب سے رابطہ کریں گے اور سب کو ایک پیج پر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ بول کر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، لیوی سے اٹھارہ سو ارب روپے جمع کیے جا رہے ہیں، پیٹرول لیوی اور ناجائز ٹیکسز ختم کر دیے جائیں تو پیٹرول کی قیمت 200 روپے کم ہو جائے گی۔ حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ 7 اگست کو پورے پاکستان کی شاہراہوں کو بند کریں گے، صرف ایمبولنس کو راستہ دیں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی دفاعی بجٹ کے خلاف نہیں، تاہم ججوں، اعلیٰ فوجی افسران، بیوروکریسی، ارکان اسمبلی اور دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کو دی جانے والی مراعات کی مخالف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں سے اشرافیہ کو مراعات دی جا رہی ہیں جبکہ عام آدمی مہنگائی کا بوجھ اٹھا رہا ہے۔ حافظ نعیم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئی پی پیز سے متعلق معاہدوں پر ہونے والی پیش رفت عوام کے سامنے لائی جائے۔ ملک میں بجلی پیدا کرنے کی استعداد موجود ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ جاری ہے ۔ عوام ایسی بجلی کی بھی قیمت ادا کر رہے ہیں جو پیدا ہی نہیں ہو رہی۔ بلوچستان کی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت صرف بیرونی ہاتھ کا ذکر کر کے اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی۔ اگر بیرونی عناصر ملوث ہیں تو انہیں روکنا بھی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسئلے کا مستقل حل مذاکرات اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے نکالا جانا چاہیے، اسی مقصد کے لیے جماعت اسلامی ایک گرینڈ قومی کانفرنس بلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
مہنگائی کے خلاف جماعتِ اسلامی کا بڑا اعلان، ملک بھر میں سڑکیں بند کرنے کی کال
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







