الیکشن کمشن کا اسلام آباد بلدیاتی انتخابات بارے اجلاس و بریفنگ، الیکشن التوا کا خطرہ برقرار

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) آج الیکشن کمیشن کا الیکشن کمیشن سیکرٹیریٹ اسلام آباد میں خصوصی اجلاس ہوا۔جس میں لوکل گورنمنٹ انتخابات اسلام آباد کے انعقاد اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت جناب سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر نے کی۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن، مسٹر احمد رضا سرورسیکرٹری وزارت داخلہ،لیفٹیننٹ (ریٹائرڈ) سہیل اشرف چیف کمشنر اسلام آباد ، مسٹرکامران علی چیمہ ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسراسلام آباد،ایس ایس پیز آپریشنز، ایڈمن وسکیورٹی اسلام آباد اوردیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران الیکشن کمیشن کو اسلام آباد لوکل گورنمنٹ سسٹم، مختلف سیٹوں پر انتخابات کے طریقہ کار، انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن کی طرف سے اب تک کیئے گئے اقدامات پر بریف کیا گیا اورالیکشن کمیشن کو بتایا گیاکہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔ جس میں 3505امیدواروں نے کاغذات جمع کروائے جس میں 110خواتین بھی شامل ہیں اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کل مورخہ 11نومبر سے شروع ہوگی۔ مزیدیہ کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے تمام الیکشن مٹیریل کی خریداری کا عمل مکمل ہوچکا ہےاور بیلٹ پیپروں کی پرنٹنگ کے انتظامات بھی مکمل ہیں۔ الیکشن کمیشن تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے اور الیکشن کے انعقاد کیلئے تیار ہے۔
سیکرٹری وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ وزارت داخلہ تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے اور اسلام آباد میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے پُرامن انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ تمام ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ الیکشن کمیشن کے الیکشن پروگرام کے مطابق اپنے فرائض آئین وقانون کے مطابق سرانجام دیں۔ لِسٹ آف پولنگ سٹیشنز ، ٹرانسپورٹیشن پلان اور سکیورٹی پلان کی تیاری پر کام جاری ہے۔ جونہی پولنگ سٹیشن کی لسٹ شائع کی جائے گی اور ٹرانسپورٹیشن اور سکیورٹی پلان مکمل ہوتا ہے۔الیکشن کمیشن کو اس کی کاپیاں مہیا کی جائیں گی۔بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے کمیشن کو بتایا کہ وہ الیکشن کے تمام مراحل کی خود نگرانی کررہے ہیں اور ٹرانسپورٹیشن پلان کو بھی حتمی شکل دی جارہی ہے تاکہ انتخابی عملہ کو مکمل سہولت اور سکیورٹی فراہم کی جائے۔
اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پندرہ ہزار اہلکار تعینات کیئے جائیں گے، جبکہ اضافی درکارنفری پنجاب سے منگوائی جا ئے گی ۔ کمیشن نے اسلام آباد انتظامیہ سے سکیورٹی اور ٹرانسپورٹ پلان جمع کرانے کو کہا۔ چیف الیکشن کمشنر نے انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کو بھی ہدایت کی کہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کرائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ مزید اُنہوں نے ریجنل الیکشن کمشنر راولپنڈی اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کو انتظامیہ ،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسروں سے مکمل تعاون کی ہدایات جاری کیں۔ اور اُنہیں انتخابات کے ہر مرحلہ پر الیکشن کمیشن کو آگاہ کرنے کی بھی تلقین کی۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں