عمّان(شہرنامہ نیوز)اردن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد نے ایک کھلے خط پر دستخط کرتے ہوئے حکومت سے امریکی فوج کے انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق گزشتہ ہفتے جاری کیے گئے اس خط میں کہا گیا کہ اردن میں امریکی فوج کی موجودگی ملک کی خودمختاری کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔ خط پر دستخط کرنے والوں کا کہنا تھا کہ انہیں خدشہ ہے کہ غیر ملکی افواج کی موجودگی اردن کو سکیورٹی، سیاسی اور معاشی خطرات سے دوچار کر رہی ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق اردنی حکومت کے ترجمان نے اس خط سے متعلق الزامات پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ اخبار نے مزید بتایا کہ پیر کے روز اردنی پارلیمنٹ کے اجلاس میں جب ایک رکن علی الخلیلہ نے امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر تعزیت کی تجویز دی تو دیگر اراکین نے شدید احتجاج کیا جبکہ ایک رکن نے امریکی فوج پر بچوں، خواتین اور بزرگوں کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا۔ اخبار نے بتایا کہ ماہرین کے مطابق یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ یہ خط عوامی رائے کی کس حد تک نمائندگی کرتا ہے، کیونکہ اردن میں عوامی رائے کے باقاعدہ سروے نہیں ہوتے۔
اردن میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کے خلاف آوازیں بلند، حکومت سے انخلا کا مطالبہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







