مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ،دریاؤں میں سیلابی صورتحال،، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز)ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث پنجاب میں متعدد حادثات، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، سندھ میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ جبکہ خیبر پختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈ کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔لاہور میں مسلسل اور وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے جانی نقصان اور معمولات زندگی متاثر کر دیے۔ گڑھی شاہو ریلوے کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے میاں، بیوی اور ان کی بیٹی جاں بحق ہوگئے، جبکہ بیدیاں روڈ کے قریب ایک اور مکان کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے۔واسا کا نکاسی آب کا آپریشن جاری رہا اور مختلف شاہراہوں، بازاروں اور چوکوں کو کلیئر کر دیا گیا۔ واسا کا کہنا ہے کہ تمام ٹیمیں اور مشینری ہائی الرٹ ہیں۔ دریائے سندھ میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ کشمور کے مقام پر گڈو بیراج میں پانی کی آمد ایک لاکھ 72 ہزار 721 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 32 ہزار 988 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی کی آمد میں تقریباً 9 ہزار کیوسک اضافہ ہوا ہے اور آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں مزید اضافے کا امکان ہےدوسری جانب کراچی میں متوقع بارشوں کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہوفاقی دار الحکومت، آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے 27 جولائی تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا میں آج سے 27 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ حساس علاقوں کے ندی نالوں میں فلیش فلڈ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی سے کھڑی فصلوں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ سیاحوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں