اسلام آباد(شہرنامہ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے اوگرا میں اصلاحات اور ایندھن سپلائی کی ڈیجیٹل نگرانی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کردیں۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد میں بہتری کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں کہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا تمام اداروں میں یکساں طور پر نفاذ یقینی بنایا جائے۔ ایف بی آر کے جدید ٹریکنگ نظام کو ماڈل بنا کر ملک میں ایندھن کی آمدورفت کی کڑی نگرانی کا نظام وضع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی و سافٹ وئیر کے استعمال کے اطلاق سے بندرگاہوں و ریفائینریوں سے پٹرول پمپس تک سپلائی چین کی ڈیجیٹل نگرانی کی جائے۔ اوگرا کے استعداد اضافے کے لیے نجی شعبے سے اچھی شہرت کے ماہرین تعینات کیے جائیں۔ اوگرا کی نتظیم نو کرکے ہر شعبے اور منصب کے لیے ماہرین کی میرٹ پر شفاف طریقہ کار سے تعیناتی کی جائے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اوگرا کی اصلاحات و تنظیمِ نو کے لیے حکومت ہر قسم کے پیشہ ورانہ مہارت فراہم کرے گی۔ حکومت عوام کی ایک ایک پائی کا تحفظ کرے گی، کسی کو عوام کے استحصال اور سسٹم میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔ تمام ریگولیٹری اداروں کا اپنے متعلقہ وزارتوں سے باضابطہ رابطہ قائم کرنے کے لیے ضروری اقدامات لیے جائیں۔ منظور شدہ پالیسی کے تحت ملک میں قائم آئل ریفائنریوں کی اپگریڈ یشن پر کام تیز کیا جائے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اوگرا نے تیل کی سپلائی-چین کو بندرگاہ سے پٹرول پمپ تک ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مانیٹر کرنے کے لیے اہم پیش رفت کی ہے۔ قومی مانیٹرنگ ڈیش بورڈ، ٹینکر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم، ڈپو – ٹینک ٹیلی میٹری، راہگزر موبائل ایپ، پٹرول پمپس پر ڈیجیٹل سیلز انٹری سسٹم اور مرکزی مانیٹرنگ سیل جیسے متعدد ڈیجیٹل نظام فعال کیے جا چکے ہیں، جن کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت، ذخائر اور فروخت کی مؤثر نگرانی ممکن بنائی جا رہی ہے۔ وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ جولائی 2026 کے دوران ڈیٹا پر مبنی خصوصی مہم کے نتیجے میں ذخیرہ اندوزی، سپلائی میں غیر ضروری رکاوٹوں اور دیگر خلاف ورزیوں کے متعدد واقعات کی نشاندہی کی گئی، جن پر شوکاز نوٹسز، وضاحت طلبی اور دیگر قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ اجلاس میں اوگرا کے جامع اصلاحاتی پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی، جس میں ادارے کی ڈیجیٹلائزیشن، انفورسمنٹ نظام کی ازسرِنو تشکیل، کمپلائنس ونگ کے قیام، لائسنسنگ نظام میں اصلاحات، قانونی امور کے مؤثر انتظام، مالی وسائل کی مضبوطی اور ادارہ جاتی ڈھانچے کی تنظیمِ نو شامل ہے۔ وزیراعظم نے اوگرا کی جانب سے پیش کیے گئے اصلاحاتی پروگرام کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ تیل و گیس کے شعبے میں مکمل شفافیت، مؤثر نگرانی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنایا جائے۔
وزیراعظم کی اوگرا میں اصلاحات اور ایندھن سپلائی کی ڈیجیٹل نگرانی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







