ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان

کراچی(شہرنامہ نیوز)پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ایک روز کی ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا۔ پریس کانفرنس کے دوران پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا یومیہ تعین قبول نہیں، پی پی ڈی اے کے مرکزی اجلاس میں مشاورت ہڑتال کا فیصلہ ہوا۔ کہا کل صبح چھ بجے سے پمپس بند کریں گے، حکومت نہ مانی تو غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کریں گے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیف ایڈوائزر ملک خدا بخش نے کہا کہ ڈیلرز کا مارجن 3 سال سے نہیں بڑھایا گیا، اسے 8 فیصد کیا جائے۔ حکومت پالیسی بنانے کے لیے ڈیلرز کو مشاورت میں شامل کرے، کمپنیوں کی جانب سے پٹرول کی ایلوکیشن ختم کی جائے اور پلاسٹک منی کے ذریعے فیس کو صفر کیا جائے۔ ملک خدا بخش نے اعلان کیا کہ پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن جمعرات کی صبح 6 بجے سے پٹرول پمپس بند کر دے گی، یہ بندش 24 گھنٹوں کے لیے جمعہ کی صبح 6 بجے تک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال کا دورانیہ بڑھایا جا سکتا ہے۔ملک خدا بخش نے کہا کہ پالیسی میٹنگ میں اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا ہمارا حق ہے۔ چیئرمین اوگرا نے ہم سے 7 روز کی مہلت مانگی، تاہم ہماری ایگزیکٹو کمیٹی اس پر راضی نہیں ہوئی، جس کے بعد کل صبح 6 بجے سے 24 گھنٹوں کی ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔
قبل ازیں وائس چیئرمین پیٹرول پمپس اونرزایسوسی ایشن انعام الحق چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ مطالبات کی منظوری تک تمام پٹرول پمپ بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، آج رات 12 بجے سے پمپس پرپیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بند کردی جائے گی۔ انعام الحق نے کہا کہ حکومت کا غیر لچک رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں، اب بھی وقت ہے حکومت ہوش کے ناخن لے، عوام کو مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتے لیکن حکومت نے کوئی راستہ نہیں چھوڑا۔پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی روزانہ قیمتوں کا تعین قابل قبول نہیں، پیٹرول ڈیلرز کو مارجن میں اضافہ ناگزیر ہے، موجودہ مارجن پرہمارا معاشی قتل ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں