پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کی توقع

اسلام آباد(شہرنامہ نیوز)ملک میں اگلے ایک ہفتے کیلئے ڈیزل 40 روپے اور پیٹرول 10روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے،تاہم قیمتوں میں ہونے والے اس متوقع اضافے کو قابو میں رکھنے کے لیے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی میں کمی بھی متوقع ہے ۔دوسری جانب مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کے نظام کے ممکنہ فوائد کا جائزہ لینا ضروری ہے، کیونکہ دنیا کے کئی ممالک میں یہ طریقہ کار پہلے سے رائج ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شہزاد نے کہا کہ بہت سے ممالک میں ایندھن کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہوتی ہیں، جس سے مارکیٹ میں قیاس آرائیوں اور غیر یقینی صورتحال میں کمی آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ردوبدل کا مقصد قیمتوں کو عالمی منڈی کے مطابق رکھنا ہے جب کہ اس نظام کے ممکنہ فوائد اور اثرات کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسی کا ایک اہم مقصد قیمتوں کے تعین میں حکومتی کردار کو کم کرنا اور نجی شعبے کو زیادہ فعال کردار دینا ہے تاکہ مارکیٹ کے اصولوں کے مطابق نظام چل سکے۔انہوں نے کہا کہ قیمتیں فطری طور پر اتار چڑھاؤ کا شکار رہتی ہیں اور کبھی ایک سطح پر برقرار نہیں رہتیں اگر حکومت مصنوعی طور پر قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرے تو سپلائرز سپلائی روک سکتے ہیں جس سے مارکیٹ میں قلت (شارٹیج) پیدا ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں