وزیراعظم کی پٹرول پمپس پر سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پی ایم سپیشل ریلیف سکیم کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔سکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔شہباز شریف نے عوام کے لیے سبسڈی کے آسان حصول کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے سہولت ڈیسک پر موجود افراد سکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں، عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو عوام میں سکیم سے متعلق کسی بھی قسم کی آگاہی کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی سکیم کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں سکیم کے پائلٹ کے افتتاح کے بعد اب پورے ملک بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں سکیم کا افتتاح کیا جا چکا ہے۔بریفنگ کے مطابق اس سکیم کو عوام کے لیے انتہائی آسان فہم بنایا گیا ہے، فیول سبسڈی سکیم کی رجسٹریشن کے لیے صرف چار معلومات درکار ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ سکیم میں رجسٹریشن کے لیے درکار چار بنیادی معلومات ہیں۔بریفنگ کے مطابق فیول سبسڈی اسکیم کی مکمل تفصیلات اردو ویب سائٹ [www.pmfuelrelief.pk](http://www.pmfuelrelief.pk) پر دستیاب ہیں، کامیاب رجسٹریشنز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکیم کو ملک گیر سطح پر نافذ کرنے کے لیے صوبائی حکومتیں بھرپور تعاون کر رہی ہیں۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں