حکومت مخالف تحریک، پی ٹی آئی نے جے یو آئی(ف)رابطے شروع کر دیئے

پشاور(شہرنامہ نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلانے کیلئے جمعیت علماء اسلام جے یوآئی (ف) سے رابطے شروع کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے جے یو آئی ف کے قائدین سے ملاقات کی اور وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ احتجاج کی تجویز پیش کر دی۔ پی ٹی آئی ذرائع کا بتانا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ف نے فی الحال مشترکہ احتجاج کی حمایت نہیں کی، جے یو آئی کا مؤقف ہےکہ احتجاج سے قبل دونوں جماعتوں کے درمیان مکمل اعتماد بحال ہونا چاہیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی ف قیادت کے درمیان آئندہ انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس حوالے سے ترجمان پی ٹی آئی خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے قائدین سے ملاقاتوں کی تصدیق کردی۔شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان سے براہ راست ملاقاتیں ہو چکی ہیں، وفاقی حکومت کے خلاف مؤثر تحریک چلانے پر دونوں جماعتوں میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے، دونوں جماعتیں متعدد معاملات پر متفق ہونے کے قریب پہنچ چکی ہیں۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں