آزاد کشمیر میں ن لیگ کو حکومت سازی کے لئے سادہ اکثریت حاصل، رانا ثنا اللہ کا دعویٰ

اسلام آباد(شہرنامہ نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات ہوئے اور ن لیگ نے حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت بھی حاصل کر لی ہے۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ن لیگ 45 میں سے 23 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے اور 10 تاریخ کو انتخابات کے تیسرے مرحلے کے فوری بعد پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 20 نشستوں پر انتخابات ہوئے، جس میں سے ن لیگ نے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی محض 3 نشستیں ہی حاصل کر سکی، ن لیگ نے مظفر آباد کی 4 نشستیں بھی اپنے نام کیں۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا 12 مہاجر نشستوں میں سے 10 پر ن لیگ کامیاب رہی جبکہ پیپلز پارٹی نے مہاجرین کی دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کشمیر کے عوام نے نواز شریف کے وژن کو ووٹ دیا جس پر ہم شکر گزار ہیں اور تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آزاد کشمیر میں ایک جمہوری اور عوامی مینڈیٹ سے حکومت بننے جا رہی ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں