راولپنڈی(شہرنامہ نیوز) سیکیورٹی فورسز کی بنوں اور ملحقہ علاقوں میں کارروائیاں، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 24 خوارج ہلاک کردیے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 24 گھنٹوں میں بنوں اور اطراف میں فائرنگ کے تبادلوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 24 خوارج ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بنوں ضلع میں حالیہ دہشت گرد کارروائیوں، پولیس پر حملوں اور گاڑی میں نصب خودکش بم دھماکے کے تناظر میں سیکیورٹی فورسز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشنز شروع کیے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بنوں اور ملحقہ علاقوں میں شدید فائرنگ کے تبادلوں کے بعد بھارتی پراکسی “فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے 24 خوارج ہلاک کر دیے گئے، ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، یہ دہشت گرد متعدد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ بیان کے مطابق علاقے میں آپریشنز جاری رہیں گے اور ان گھناؤنے اور بزدلانہ حملوں کے ذمہ داروں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
دوسری جانب ڈی پی او بنوں نے کہا ہے کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ضلع بنوں کے تھانہ ہوید کی حدود میں واقع گل بہار چوک کے قریب پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ کارروائی کے دوران مسلح شدت پسندوں کے ساتھ کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بنوں فرقان بلال کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں 5 شدت پسند ہلاک ہو گئے، جبکہ پولیس اور سی ٹی ڈی کے تمام اہلکار محفوظ رہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔ ڈی پی او فرقان بلال نے بتایا کہ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ کارروائی سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران متعدد دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بنوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 24 خوارج ہلاک،آئی ایس پی آر







