وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے تین روزہ دورے پر روانہ، اہم ملاقاتیں متوقع

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز)وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوگئے،کلائمیٹ چینج سے متعلق اقوام متحدہ کی کانفرنس کوپ تھرٹی ون کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ترجمان دفترخارجہ کےمطابق وزیراعظم 11نومبرکو عالمی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کریں گےجس میں عالمی برادری پرموسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات پر زور دیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کی ترک قیادت اوردیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں .پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے مشیر طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔وزیراعظم اپنے خطاب میں پاکستان کی جانب سے شمسی توانائی کے فروغ، قابل تجدید توانائی کی استعداد میں اضافے اور صاف و پائیدار توانائی کی جانب منتقلی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کریں گے۔وزیراعظم ترقی پذیر ممالک کی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مستحکم، مناسب اور آسان رسائی پر مبنی موسمیاتی مالی معاونت کی فراہمی کی ضرورت پر بھی گفتگو کریں گے۔دورے کے دوران ان کی ترکیہ کی قیادت اور دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔کوپ 31 کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں وزیراعظم کی شرکت موسمیاتی تبدیلی کے عالمی ایجنڈے کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا مظہر ہے۔یہ دورہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر موسمیاتی بحران سے نمٹنے اور اس کے اثرات کم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کے اعادے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں