سپریم کورٹ میں نیب قانون ترمیم کیس میں دلائل مکمل ، فیصلہ محفوظ

اسلام آباد(شہرنامہ نیوز)سپریم کورٹ نے نیب قانون ترمیم کیس میں ضمانت درخواستوں کی سماعت کے اختیار سے متعلق اہم قانونی نکتے پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ درخواست گزار کے وکیل عباد الرحمان لودھی نے مؤقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ کے حتمی فیصلے کے خلاف اپیل وفاقی آئینی عدالت میں دائر کی جا سکتی ہے، تاہم اگر ہائیکورٹ ضمانت کی درخواست مسترد کر دے تو اس معاملے کی سماعت سپریم کورٹ کو کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب آرڈیننس کی دفعہ 32 کا اطلاق ضمانت کے مقدمات پر نہیں ہوتا۔ جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ اصل سوال یہ ہے کہ اگر ضمانت دینے یا مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی جائے تو کیا اسے اپیل تصور کیا جائے گا؟ انہوں نے ریمارکس دیے کہ اگر سپریم کورٹ ضمانت کی درخواست کو اپیل میں تبدیل کرتی ہے تو وہ ایک اپیلیٹ فورم بن جائے گی، جبکہ نیب قانون کے مطابق اپیلیٹ فورم وفاقی آئینی عدالت جبکہ نیب قانون کے مطابق اپیلیٹ فورم وفاقی آئینی عدالت ہے۔جسٹس محمد علی مظہر نے مزید کہا کہ یہ واضح کیا جائے کہ ضمانت کے مقدمات میں سپریم کورٹ اپیلیٹ اتھارٹی کیسے بن سکتی ہے اور اس ضمن میں کوئی قانونی راستہ عدالت کے سامنے رکھا جائے۔اس موقع پر وکیل عباد الرحمان لودھی نے موقف اختیار کیا کہ خدا کے لیے انتظامیہ کے خفیہ مقاصد کے لیے عدالت اپنا اختیار سرنڈر نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا کوئی اختیار تو برقرار رہنے دیا جائے اور قانون نے ضمانت کے مقدمات سننے کا اختیار وفاقی آئینی عدالت کو نہیں دیا۔فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد سپریم کورٹ نے معاملے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

خبر پر اپنی رائے دیں