بیجنگ(شہرنامہ نیوز) چین نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ چینی صدر شی جن پنگ نے مشرق وسطیٰ بحران کے سفارتی حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کیا جائے۔ چینی صدر نے کہا کہ فلسطین مسئلہ مشرق وسطیٰ کا بنیادی مسئلہ ہے، چینی صدر نے آزاد فلسطینی ریاست کے جلد قیام پر زور دیا، دو ریاستی حل ہی مسئلہ فلسطین کی درست سمت ہے۔ اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے بیجنگ میں ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے کہا کہ دو ریاستی حل مسئلہ فلسطین کے حل کی درست سمت ہے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے جلد قیام کے لئے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات بحال کئے جانے چاہئیں۔ چینی صدر نے خطے میں جامع جنگ بندی اور کشیدگی کے خاتمے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کیا جانا چاہئے اور تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جائے۔ شی جن پنگ نے غزہ کی جنگ کے بعد تعمیرِ نو اور مغربی کنارے کے انتظام میں ’’فلسطینیوں کی حکمرانی‘‘ کے اصول پر عمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کے مطابق عالمی برادری اور بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو شہریوں کے تحفظ، انسانی امداد کی فراہمی اور انسانی بحران کے خاتمے کے لئے مؤثر کردار ادا کرنا چاہئے۔ چینی صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسئلہ فلسطین کا حل بین الاقوامی قانون، انصاف اور بنیادی انسانی اصولوں کی بنیاد پر تلاش کیا جائے تاکہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان جامع، منصفانہ اور دیرپا امن قائم ہو سکے۔
چین کا غزہ میں جامع جنگ بندی اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے پر زور
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







