چین اور روس نے یقین دلایا ہے کہ ایران کو اسلحہ فروخت نہیں کریں گے:ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(شہرنامہ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بقول چین کے صدر شی جنپنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن نے الگ الگ ملاقاتوں میں یقین دہانی کرائی ہے کہ دونوں ممالک ایران کو ہتھیار فروخت نہیں کریں گے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بات اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں بتائی۔امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے حوالے سے جن دو بڑی طاقتوں یعنی چین اور روس کا اکثر ذکر کیا جاتا ہے۔ میرے خیال میں وہ اس معاملے میں شریک نہیں ہیں۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر چین اور روس اس جنگ میں ایرایران کے ساتھ ہوتے تو یہ ان کے لیے بھی بہت برا ہوتا اور یقیناً ان کے مفاد میں بھی نہ ہوتا۔امریکی صدر نے بتایا کہ حالیہ ملاقاتوں کے دوران چینی صدر سے ایران کو اسلحہ فراہم کرنے کے معاملے پر بات کی جس پر شی جنپنگ نے واضح یقین دہانی کرائی کہ چین ایران کو ہتھیار فروخت نہیں کرے گا۔صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے میں صدر شی جنپنگ کی بات پر یقین کرتا ہوں۔امریکی صدر کے بقول روسی ہم منصب ولادیمیر پوتن نے بھی انھیں اسی نوعیت کی یقین دہانی کرائی ہے حالانکہ روس خود یوکرین جنگ میں مصروف ہے۔صدر ٹرمپ نے یوکرین جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدر پوتن جانتے ہیں امریکا براہِ راست یوکرین کو ہتھیار فروخت نہیں کرتا بلکہ نیٹو کے رکن ممالک کو اسلحہ فراہم کرتا ہے جو اس کی مکمل قیمت ادا کرتے ہیں۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ نیٹو ممالک کو فروخت کیے گئے ہتھیاروں کو بعد میں کس طرح تقسیم کیے جاتے ہیں اس بارے میں مجھے کوئی علم نہیں ہے۔امریکی صدر کے اس بیان پر چین، روس یا ایران کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ میں کشیدگی آگئی ہے جس کے باعث آبنائے ہرمز بند ہے اور پیٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جب کہ ثالثی ممالک جنگ بندی کے لیے متحرک ہیں۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں