اسلام آباد(شہرنامہ رپورٹ ) وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان سے یونیڈو کے وفد کی ملاقات، صنعتی ترقی، قابلِ تجدید توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا اقوام متحدہ کے صنعتی ترقی کے ادارے (یونیڈو) کے وفد نسے ملاقات کے دوران صنعتی ترقی، بین الاقوامی تعاون، موسمیاتی تبدیلی، توانائی، مسابقت اور پیداواری صلاحیت میں اضافے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ہارون اختر خان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اس وژن کو اجاگر کیا جس کا مقصد پائیدار صنعتی ترقی، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور معاشی خود انحصاری کے ذریعے پاکستان کو ایک مضبوط اور برآمدات پر مبنی صنعتی معیشت میں تبدیل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان صنعتی ترقی، معاشی استحکام اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی بڑی نوجوان آبادی ایک اہم قومی اثاثہ ہے، تاہم صنعتی ترقی کے بغیر پائیدار معاشی پیش رفت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ممکن نہیں۔
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی صنعتی پالیسی تشکیل دی گئی ہے، جس کا مقصد صنعتی ترقی کے لیے واضح سمت کا تعین، پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور ملکی معیشت کی بنیادوں کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تجارتی خسارے پر قابو پانے کے لیے برآمدات پر مبنی معاشی نمو کو فروغ دینے کے ساتھ درآمدات کے متبادل مقامی مصنوعات کی تیاری اور مقامی مینوفیکچرنگ کو بھی وسعت دینا ضروری ہے۔ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان میں صنعت اور زراعت دونوں شعبوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، جس سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال، ویلیو ایڈڈ صنعتوں کی ترقی اور مقامی پیداوار کو مضبوط بنانے پر زور دیا تاکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں اور ملکی برآمدات کی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ ہو۔موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے منفی اثرات پاکستان کی زرعی پیداوار اور صنعتی سرگرمیوں کو نمایاں طور پر متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے، پائیدار توانائی کے حل اپنانے اور موسمیاتی خطرات کے مقابلے کی صلاحیت رکھنے والی صنعتی ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔مشیر وزیراعظم نے پاکستان میں قدرتی وسائل، بالخصوص قیمتی پتھروں اور دیگر قیمتی معدنیات کی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ زیتون کے تیل کی پیداوار سے لے کر قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ تک مختلف شعبوں میں صنعتی مواقع بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے ملکی وسائل سے زیادہ سے زیادہ معاشی فوائد حاصل کرنے کے لیے مقامی ویلیو چینز کی ترقی کو ناگزیر قرار دیا۔
پاکستان صنعتی و معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے،ہارون اختر خان






