موبائل فونز کی مکمل مقامی تیاری کے لیے 2026-2033 کی نئی پالیسی تیار، ہارون اختر

اسلام آباد(شہرنامہ نیوز ) وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے معروف چینی کنزیومر الیکٹرانکس کمپنی شینزن ٹرانسشن ہولڈنگز کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی موبائل فونز اور الیکٹرانکس کی صنعت میں سرمایہ کاری، مقامی مینوفیکچرنگ اور برآمدات کے فروغ کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سیکریٹری صنعت و پیداوار احسان علی منگی اور جوائنٹ سیکریٹری فریدون اکرم شیخ بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران ہارون اختر خان نے بتایا کہ حکومت پاکستان میں مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ، سرمایہ کاری کے حصول اور الیکٹرانکس کی صنعت کو مضبوط بنانے کے لیے جامع موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیوائسز مینوفیکچرنگ پالیسی (2026-2033) پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی سے مقامی مینوفیکچرنگ اور برآمدات کو فروغ ملے گا۔ حکومت کی ترجیح روایتی اسمبلنگ کے عمل سے آگے بڑھتے ہوئے موبائل فونز اور الیکٹرانک ڈیوائسز کی مکمل مقامی تیاری کو فروغ دینا ہے۔
مشیرِ وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق حکومت مقامی صنعت کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے اور سرمایہ کاری و صنعتی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکنالوجی کی منتقلی، لوکلائزیشن اور مینوفیکچرنگ کی صلاحیت میں اضافے کے ذریعے پاکستان کی موبائل اور الیکٹرانکس کی صنعت کو مضبوط بنانے اور اسے عالمی ویلیو چین کا حصہ بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔
ہارون اختر خان نے وفد کو آگاہ کیا کہ مجوزہ موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیوائسز مینوفیکچرنگ پالیسی (2026-2033) کے حوالے سے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ (EDB) کو متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ پالیسی کو صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اس شعبے کی پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کا مقصد صرف موبائل فونز کی مقامی تیاری تک محدود رہنا نہیں بلکہ پرزہ جات، اجزاء اور دیگر متعلقہ الیکٹرانک ڈیوائسز کی تیاری کے لیے ایک وسیع صنعتی نظام (Industrial Ecosystem) بھی تشکیل دینا ہے۔
چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے مشیرِ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں مقامی مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی سے متعلق صنعتوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور پاکستان میں ان کے منصوبوں کی معاونت کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا یہ موزوں وقت ہے۔ ہم چینی کمپنیوں کو صنعتی ترقی، لوکلائزیشن اور برآمدات پر مبنی معاشی نمو کے سفر میں شراکت دار بننے کی دعوت دیتے ہیں۔
ملاقات کے دوران شینزن ٹرانسشن ہولڈنگز کے نمائندوں نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری اور مقامی مینوفیکچرنگ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ کمپنی نے ڈیپ لوکلائزیشن کے عمل کو آگے بڑھانے اور پاکستان کی موبائل فونز و الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ کی صنعت میں مزید مواقع تلاش کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ، موبائل ڈیوائسز اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون کو مزید گہرا کرنے سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، مقامی سپلائی چین مضبوط ہوگی اور برآمدی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں