ناکہ بندی کی خلاف ورزی،حوثیوں کابحیرۂ احمر میں 2 آئل ٹینکروں پر حملہ،آگ لگ گئی

یمن ،ریاض (شہرنامہ نیوز)حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحیرۂ احمر میں سعودی عرب کے دو آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا ہے۔ دونوں جہاز ان کی جانب سے حال ہی میں نافذ کی گئی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔ حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی فورسز نے دو سعودی آئل ٹینکروں کے خلاف فوجی کارروائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی اس لیے کی گئی کیونکہ دونوں جہازوں نے سعودی بندرگاہوں سے متعلق حوثیوں کی جانب سے عائد بحری پابندی کو نظر انداز کیا۔ یہ حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے خلاف بحیرۂ احمر میں بحری ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے شپنگ کمپنیوں کو خبردار کیا تھا کہ سعودی بندرگاہوں سے آنے یا جانے والے جہازوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں میزائل اور ڈرون استعمال کیے گئے۔ برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی ادارے نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایک ٹینکر کو نقصان پہنچا اور اس میں آگ لگ گئی، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان یا بڑے پیمانے پر تیل کے اخراج کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب سعودی عرب نے بحیرہ احمر میں ایک سعودی کمپنی کے جہاز کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ تصدیق ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن کی حوثی تحریک انصاراللہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بحیرہ احمر میں آئل ٹینکروں پر حملے کیے ہیں۔سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ایک سرکاری ذریعے نے بتایا کہ اینسیلیا نامی جہاز، جو ایک سعودی کمپنی کی ملکیت ہے، بحیرہ احمر سے گزرنے کے دوران نشانہ بنایا گیا۔ سرکاری ذریعے کے مطابق حملے کے نتیجے میں جہاز کے اگلے حصے میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم جہاز پر موجود تمام عملہ محفوظ رہا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ حملہ کس نوعیت کا تھا، تاہم یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بحیرہ احمر میں جہاز رانی کی سیکیورٹی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں