ایران ،آبنائے ہرمز کے قریب بندر عباس اور جزیرہ قشم کے گرد و نواح میں 6دھماکے

تہران(شہرنامہ نیوز)جنوبی ایران میں آبنائے ہرمز کے قریب نئے دھماکوں نے لرزہ طاری کر دیا۔ یہ دھماکے اتوار کی شب امریکی فوج کی جانب سے “درجنوں ایرانی اہداف” کے خلاف کی گئی کارروائی کے چند گھنٹوں بعد ہوئے ہیں۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر نے آج پیر کے روز بتایا کہ بندر عباس شہر اور جزیرہ قشم کے گردونواح میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جو آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہیں۔ ایجنسی نے مزید کہا کہ “ایسا معلوم ہوتا ہے کہ دھماکے بندر عباس کے مغربی ساحل پر ہوئے ہیں۔ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ایران کے جنوبی شہر بندر عباس کے مغربی علاقے میں 5 اور قشم میں ایک دھماکا سنا گیا۔” ایجنسی نے ایران کے شہر عبادان میں مختلف مقامات پر امریکی حملوں میں کم از کم 2 افراد کی ہلاکت کی بھی اطلاع دی ہے۔ سرکاری ایرانی ٹیلی ویژن نے آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں کی جانب ایرانی “انتباہی فائرنگ” کا ذکر کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایران نے پیر کو اعلان کیا کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ جنگ میں ثالثی کرنے والے ممالک قطر، پاکستان اور عمان کے ساتھ سفارتی مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے، جس کا مقصد دونوں متحارب ممالک کے درمیان جاری جوابی حملوں کے تناظر میں امریکہ کے ساتھ “کشیدگی سے بچنا” ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ “ثالثوں کا کردار کشیدگی بڑھنے سے روکنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنا ہے”۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ان کا ملک “حالیہ دنوں” میں قطر اور عمان کے ساتھ رابطے میں رہا ہے، جو کہ وہ ممالک ہیں جنہیں تہران عسکری طور پر نشانہ بنا رہا ہے، اس کے علاوہ پاکستان بھی شامل ہے۔ حالیہ دنوں میں ایران اور امریکا کے درمیان عسکری کارروائیوں اور آبنائے ہرمز سے متعلق کشیدگی کے باعث اس علاقے پر عالمی توجہ مرکوز ہے۔ اس سے قبل امریکی افواج نے شام 4 بج کر 45 منٹ پر کارروائی کی گئی ، صدر ٹرمپ کی ہدایت پر ایران کیخلاف فضائی حملوں کا آغاز کیا۔امریکی سینٹکام نے بتایا کہ ایران کے خلاف تازہ فضائی کارروائی مکمل کر لی ہے ، کارروائی 5گھنٹے جاری رہی، فوجی اہداف کونشانہ بنایا۔ سینٹکام کے مطابق بوشہر، چاہ بہار، جاسک، کنارک، ابوموسیٰ اور بندر عباس میں حملے کئے، حملوں کامقصدتجارتی جہازوں پر حملوں کی ایرانی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق بحرین میں امریکی بحری بیڑے کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا، حملوں کے بعد امریکی اڈے پر موجود ایندھن کے ذخائر میں آگ لگ گئی، پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام، ریڈارسسٹم اور ڈرون مرکز کو تباہ کر دیا۔

خبر پر اپنی رائے دیں