7.1 شدت کے زلزلے سے جاپان لرز اٹھا، سونامی کا خدشہ

ٹوکیو(شہرنامہ نیوز) جاپان کے جنوبی جزیرے کیوشو میں آج 7.1 شدت کا طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد جاپانی محکمہ موسمیات نے سونامی کی وارننگ جاری کر دی۔ حکام نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی الرٹ نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز جنوبی صوبہ کوماموتو تھا۔ زلزلے کے فوراً بعد تقریباً ایک میٹر بلند سونامی کی لہروں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ساحلی علاقوں کے لیے وارننگ جاری کی گئی۔ جاپانی حکومت نے کوماموتو، ناگاساکی، کاگوشیما، فوکوکا، ساگا، اوئیتا اور میازاکی سمیت کیوشو کے متعدد صوبوں میں ایمرجنسی زلزلہ الرٹ جاری کر دیا تاکہ شہری بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہو سکیں۔ زلزلے کے بعد جے آر کیوشو نے احتیاطی اقدام کے طور پر اپنی تمام اہم ٹرین سروسز، بشمول تیز رفتار شنکانسن ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔ دوسری جانب کیوشو الیکٹرک پاور کمپنی نے بتایا ہے کہ زلزلے کے بعد سینڈائی اور گینکائی جوہری بجلی گھروں میں کسی قسم کی غیر معمولی صورتحال یا تکنیکی خرابی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ جاپان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں زلزلے سب سے زیادہ آتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ ملک بحرالکاہل کے گرد واقع رِنگ آف فائر پر واقع ہے، جہاں آتش فشانی اور زمینی پلیٹوں کی سرگرمیوں کے باعث بڑے زلزلے معمول کا حصہ سمجھے جاتے ہیں۔ عالمی اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں 6.0 یا اس سے زیادہ شدت کے تقریباً 20 فیصد زلزلے جاپان میں ریکارڈ کیے جاتے ہیں۔ تاحال زلزلے سے ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی کوئی باضابطہ اطلاع سامنے نہیں آئی، جبکہ حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں