ایپل کا نئے آئی فون ایئر 2، پہلے سے زیادہ پتلا ڈیزائن، ڈوئل کیمرہ اور بڑی بیٹری متوقع

اسلام آباد (شہرنامہ ویب نیوز) آئی فون 18 اسٹینڈرڈ اور 18 ای کے ساتھ ایپل کی جانب سے کمپنی کے پتلے ترین آئی فون ائیر کا نیا ورژن 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔اس سال ستمبر میں کمپنی نے آئی فون 18 پرو ماڈلز اور پہلے فولڈ ایبل آئی فون ڈو کو پیش کیا تھا۔اب ایک نئی لیک میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی کا پتلا ترین آئی فون ائیر 2 کیسا ہوگا جس میں 3 بڑی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق آئی فون ائیر 2 میں ایپل کی اے 20 سیریز چپ سیٹ کو دیا جائے گا۔یہی چپ سیٹ کمپنی کی جانب سے آئی فون 18 پرو ماڈلز اور آئی فون ڈو میں استعمال کیا گیا ہے۔اگر یہ رپورٹ درست ہے تو نیا آئی فون ائیر 2 گزشتہ سال کے آئی فون ائیر کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہوگا جس میں اے 19 پرو پراسیسر استعمال کیا گیا تھا۔اوریجنل آئی فون ائیر میں بیک پر صرف ایک 48 میگا پکسل کا کیمرا موجود تھا۔مگر اسی رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئی فون ائیر 2 میں کمپنی کی جانب سے بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ دیا جائے گا۔مین کیمرا بدستور 48 میگا پکسل کا ہوگا جس کے ساتھ 48 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا دیا جائے گا۔تیسری تبدیلی بیٹری سے متعلق ہے جس کو زیادہ بڑا کیا جا رہا ہے۔اوریجنل آئی فون ائیر میں 3149 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی تھی مگر آئی فون ائیر 2 میں زیادہ بڑی بیٹری دی جائے گی۔یہ تو واضح نہیں کہ بیٹری پاور کتنی ہوگی مگر کچھ عرصے پہلے ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 3500 ایم اے ایچ بیٹری کو آئی فون ائیر 2 کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔اس سے ہٹ کر مختلف لیکس میں بتایا گیا کہ آئی فون ائیر 2 گزشتہ سال کے ماڈل سے بھی زیادہ پتلا ہوگا۔آئی فون ائیر کی موٹائی محض 5.6 ملی میٹر تھی مگر آئی فون ائیر 2 کی موٹائی 5.2 ملی میٹر ہوسکتی ہے۔6,55 انچ کی فلیٹ او ایل ای ڈی اسکرین 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سے لیس ہوگی۔ابھی اس نئے فون کو متعارف کرانے کی تاریخ سامنے نہیں آئی مگر قوی امکان ہے کہ یہ مارچ 2027 میں پیش کر دیا جائے گا۔

خبر پر اپنی رائے دیں