بھارت کے ایٹمی پلانٹ کاحساس ڈیٹا انٹرنیٹ پر لیک،نقشے، سپلائرز ، آلات کی تفصیلات شامل

بھارت(شہرنامہ نیوز)رینسم ویئر گروپ ورلڈ لیکس نے بھارت کے سب سے بڑے جوہری پاور پلانٹ کڈنکولم سے متعلق بڑی تعداد میں ڈیٹاڈارک ویب پر شائع کردیا۔ ہیکرز کے ایک گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بھارت کے سب سے بڑے جوہری بجلی گھر سے متعلق حساس معلومات حاصل کر لی ہیں اور چوری شدہ ڈیٹا کو ڈارک ویب پر فروخت کے لیے پیش کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق لیک ہونے والے ڈیٹا میں مبینہ طور پر تنصیبات کے کچھ حصوں کے نقشے اور سپلائرز کی تفصیلات شامل ہیں جبکہ ہیکرز کے گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ معلومات ریلائنس گروپ سے حاصل کی گئی ہیں۔کڈنکولم نیوکلیئر پاور پلانٹ بھارت کے 7 جوہری پلانٹس میں سب سے بڑا ہے جبکہ یہ وزیراعظم نریندر مودی کے ملک میں جوہری توانائی کی صلاحیت بڑھانے کے منصوبے کا مرکزی حصہ ہے۔ اس پلانٹ کا ٹھیکہ بھارتی کاروباری شخصیت انیل امبانی کے ریلائنس گروپ کے پاس ہے جس نے رائٹرز کو جاری بیان میں کہا کہ ڈیٹا سینٹر سروس فراہم کرنے والی کمپنی یوٹا کے سرور پر ریلائنس کے ڈیٹا میں جزوی دراندازی ہوئی ہے اور اس واقعے سے حکومت کو آگاہ کر دیا گیا ہے، تاہم ریلائنس نے یہ نہیں بتایا کہ کون سا ڈیٹا متاثر ہوا۔ نیوکلیئر تھریٹ انیشیٹو کے سینئر ڈائریکٹر نکولس روتھ کا کہنا ہے کہ یہ ڈیٹا لیک پلانٹ کی سکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔ لیک ہونے والے ڈیٹا میں مبینہ طور پر تنصیبات کے کچھ نقشے، سپلائرز کی تفصیلات، اجلاسوں اور معائنوں کا ریکارڈ، آلات کے جائزے اور انشورنس پالیسیز شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ریلائنس کی لیک ہونے والی 8 لاکھ 58 ہزار فائلز میں سے 19 ہزار فائلیں سب سے زیادہ حساس معلوم ہوتی ہیں جو ورلڈ لیکس کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ ریلائنس انفراسٹرکچر، جو اس گروپ کی ذیلی کمپنی ہے نے 2018 میں پلانٹ کے یونٹ 3 اور یونٹ 4 کے لیے انفراسٹرکچر ڈیزائن اور تعمیر کا ٹھیکہ حاصل کیا تھا۔ یہ دونوں یونٹس تاحال زیر تعمیر ہیں اور 2027 تک فعال ہونے کی توقع ہے، یہ یونٹس مجموعی طور پر 2 ہزار میگاواٹ بجلی فراہم کریں گے۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق ورلڈ لیکس رینسم ویئر گروپ ہے اور اس سے قبل Nike اور ٹاٹا گروپ کو نشانہ بنا چکا ہے۔ یہ گروپ عموماً کمپنیوں کی جانب سے تاوان ادا نہ کرنے پر چوری شدہ ڈیٹا اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دیتا ہے جس تک رسائی خصوصی براؤزر کے ذریعے ہی ممکن ہوتی ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں