اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) ٹک ٹاک میں صارفین بہت جلد اپنے دوستوں کو رقم بھی بھیج سکیں گے۔ بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک کی جانب سے ایک ایسے فیچر پر کام کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے صارفین ایک دوسرے کو ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایمز) کے ذریعے رقم بھیج سکیں گے۔ جب بھی اس فیچر کو متعارف کرایا جائے گا تو کمپنی کی جانب سے ٹک ٹاک پے کے ذریعے یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ ٹک ٹاک پے سروس پہلے ہی جنوب مشرقی ایشیا میں ٹک ٹاک شاپس سے خریداری کے لیے دستیاب ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس فیچر کا کوڈ امریکا میں آئی فونز کے لیے ٹک ٹاک ایپ کے اندر نظر آیا ہے۔ اس کوڈ سے عندیہ ملا ہے کہ رقم بھیجنے والا پیمنٹ کے ساتھ میسجز کو بھی ایڈ کرسکے گا۔ کمپنی نے اس حوالے سے بتایا کہ ابھی اس فیچر کی آزمائش نہیں کی جا رہی ہے جس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔ اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب اور کن ممالک میں متعارف کرایا جائے گا۔ واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں جب ٹک ٹاک کی جانب سے مالیاتی سروسز کو ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ 2026 کے شروع کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک نے برازیل کے مرکزی بینک میں درخواست جمع کرائی تھی تاکہ وہ فنانشنل ٹیکنالوجی کمپنی کے طور پر قرضے اور پیمنٹ سروسز صارفین کو فراہم کرسکے۔ویسے تو ٹک ٹاک کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم قرار دیا جاتا ہے مگر یہ کمپنی بتدریج دیگر شعبوں میں بھی قدم جما رہی ہے پیمنٹ سروس فراہم کرکے ٹک ٹاک اس شعبے میں موجود دیگر کمپنیوں کو ٹکر دینا چاہتی ہے۔
ٹک ٹاک صارفین بہت جلد دوستوں کو رقم بھیج سکیں گے
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







