متھیرا کا پہلی بار عمر اور کاسمیٹک علاج سے متعلق اعتراف

کراچی (شہرنامہ نیوز)پاکستانی ٹی وی میزبان، اداکارہ اور سوشل میڈیا شخصیت متھیرا نے اپنی عمر اور کاسمیٹک طریقۂ علاج سے متعلق پہلی بار کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی شخصیت، عمر اور زندگی کے ہر مرحلے پر پُراعتماد ہیں۔ حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران متھیرا نے بتایا کہ ان کی عمر 34 برس ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر بات ایمانداری سے کرنا پسند کرتی ہیں اور انہیں اپنی عمر چھپانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ ان کے بقول وہ آج بھی خود کو پراعتماد خاتون سمجھتی ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ انسان ہمیشہ جوان نہیں رہ سکتا، اس لیے عمر بڑھنے کو فطری حقیقت کے طور پر قبول کرنا چاہیے۔ متھیرا کا کہنا تھا کہ شہرت قسمت سے ملتی ہے اور ہر کسی کے نصیب میں نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کسی نے لانچ نہیں کیا بلکہ انہوں نے اپنی شناخت خود بنائی ہے، اسی لیے انہیں نہ مستقبل کی فکر ہے اور نہ ہی بڑھتی عمر کا خوف۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ عوامی شخصیت ضرور ہیں، لیکن اپنی نجی زندگی کو ہمیشہ ذاتی رکھنا پسند کرتی ہیں، جبکہ وزن یا ظاہری شکل پر ہونے والی تنقید بھی انہیں متاثر نہیں کرتی۔ اداکارہ نے اس موقع پر یہ اعتراف بھی کیا کہ انہوں نے چند کاسمیٹک طریقۂ علاج کروا رکھے ہیں۔ ان کے مطابق ایک حادثے کے باعث ان کی ناک کی ہڈی متاثر ہوگئی تھی، جس کے بعد انہوں نے ترکی میں ناک کی سرجری کرائی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ وقتاً فوقتاً معمولی مقدار میں فلرز اور بوٹوکس کا استعمال کراتی ہیں۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے مردوں کا ساتھ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں مردوں کے ساتھ بہت زیادتی ہوتی ہے، مجھے ایسا لگتا ہے کہ اگر کوئی عورت کسی مرد کو کہے کہ مجھے ہاتھ کیسے لگایا تو لوگ اسے مارنے آجائیں گے، لوگ نہیں پوچھیں گے آپ کو ہاتھ لگایا بھی ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے مردوں کو مشین بنا دیا ہے، مردوں میں احساس نہیں ڈالا جاتا اور ہم ان پر ذمہ داریاں ڈالتے رہتے ہیں، وہ اسی کام میں اتنا ختم ہوجاتا ہے کہ وہ نہ اچھا باپ، نا اچھا بھائی اور نا ہی اچھا شوہر بن پاتا ہے، پھر وہ سب کیلئے برا ہوجاتا ہے۔متھیرا کاکہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں ایسے بہت سے مرد ہیں جو ڈپریشن کا شکار ہیں لیکن وہ اپنے احساس کسی کو نہیں دکھاسکتے، وہ اپنے دوستوں میں بیٹھ کر نہیں بول سکتا کہ آج دل بہت دکھ رہا ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں